پاکستان کے چین سے بڑھتے تعلقات پر کچھ قومی حلقے پریشان ہیں بظاہر یہ تعلقات مجبوری ہیں ایک طرف ملک کو اگر بھارتی ریشہ دوانیوں کا سامنا ہے تو معاشی خطرات الگ دردِ سر ہیں اسی لیے چینی تعاون حاصل رکھناناگزیر ہے مگر دوستی میں غیرمحتاط ہوجانادانشمندی نہیں ملک نہ صرف چینی مصنوعات کی منڈی بنتا جارہا ہے بلکہ واجب الادا غیر ملکی قرضوں میں چین کے مہنگے قرضوں کاحصہ خوفناک حد تک بڑھ چکاہے دوستی میں چین ہر حوالے سے فائدے میں ہے وہ اپنی مصنوعات کے ذریعے کمائی کرنے کے ساتھ مہنگے قرضے دیکر بھاری سود بٹور رہا ہے جس سے پاکستانی معیشت کولاحق خطرات میں اضافہ ہواہے مگر ہمارے حلقہ ارباب اختیار کو شاید خطرات کی نوعیت کا احساس ہی نہیں اسی لیے بددستور آنکھیں بند کیے پاک چین دوستی کا راگ الاپنے میں مشغول ہیں حالانکہ حکمرانوں کا فرض ہے کہ غیر ملکی مفادات کی نگہبانی کی بجائے اپنے شہریوں کے مفادکاتحفظ کریں۔ اِس میں شائبہ نہیں رہا کہ کچھ عالمی طاقتوں کو چین کی طرف پاکستانی جھکاؤ ناپسند ہے ناپسندیدگی کی بناپریہ طاقتیں پاکستان کو زک پہنچانے کی سازشیں کرسکتی ہیں۔
پاک چین اقتصادی راہداری کی دس سالہ تقریبات میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہونے کے لیے گزشتہ ماہ کے آخری روز31اگست کوچین کے نائب وزیرِ اعظم He Lifeng پاکستان کاایک روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن جا چکے ہیں مگر حکمران حلقوں میں ابھی تک خوشی کی سرشاری ہے اور چین کے نائب وزیراعظم کی پاکستان آمد کو ایک بڑی کامیابی کے طورپر پیش کیا جا رہا ہے۔ چین اب پاکستان سے مالی اور دفاعی تعاون کے ساتھ مختلف قسم کے دباؤڈالنے لگا ہے وہ ایک طرف اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے اضافی نفری لگواچکا ہے تواب منصوبوں میں نقائص دور کرنے کی آڑ میں پاکستانی مفاد کے منافی شرائط
منوانے لگا ہے مگر پاکستانی حکمران دوستی کے نشے میں تمام ایسے فیصلوں کی بخوشی منظوری دینے پر آمادہ و تیار ہیں جن کی چین خواہش کرتا ہے بغیر سوچے سمجھے اور ملکی مفاد کا تحفظ کیے بغیر یہ طرزِ عمل ہمیں کسی بڑے نقصان سے دوچار کر سکتا ہے سری لنکن معیشت کو اپنے مفاد کے مطابق بنا نے کے نتائج کسی سے پوشیدہ نہیں جس سے سری لنکا دیوالیہ ہونے کے ساتھ سیاسی عدمِ استحکام کا بھی شکارہوا ہمارے حکمران بھی ویسے ہی خطرات کے بھنورمیں پھنس کر خوش ہیں یہ پالیسی غلط ہے بہتر ہے دوستی اپنی جگہ،مگر جب کسی طاقت سے معاہدے کریں تو ملکی مفاد کا تحفظ یقینی بنایاجائے۔
آنے جانے سے ملکوں کے تعلقات کو وسعت ملتی ہے کیونکہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفت وشنید سے ایک دوسرے کا نکتہ نظر جانا جاتا ہے مگر چین کی بات ہو تو پاکستانی حکمران بس سنتے ہیں کچھ کہتے نہیں،ماضی میں ایسا ہی کچھ طرزِعمل ہمارے حکمرانوں کا امریکہ کے بارے میں رہا جس سے پاکستان کا عالمی کردار ایک طفیلی ریاست جیسا بن کر رہ گیاتھا۔حیرانی کی بات یہ ہے کہ ڈھیروں نقصان اُٹھانے کے باوجود اپنے طرزِ عمل کوملکی مفاد کے مطابق نہیں بنایاجاسکا اسی بناپر خدشہ ہے کہ امریکہ کے بعد پاکستان اب چینی چراگاہ بننے کی روش پر گامزن ہے بہتر یہ ہے کہ ہمارے حکمران پاکستانی بن کر سوچیں اور جب معاہدے کریں تو قومی مفاد کا تحفظ یقینی بنائیں۔
بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کی افادیت سے کسی کو انکار نہیں بدقسمتی سے یہ منصوبہ اب معاشی کی بجائے دفاعی بنتا جارہا ہے جس کی تصدیق دفاعی منصوبوں میں تعاون کے اضافے سے ہوتی ہے حالانکہ اِس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ معیشت پر دھیان دینے کی ضرورت ہے مگر بظاہر معیشت کو اب بھی ثانوی حیثیت حاصل ہے سمجھنے والی بات یہ ہے کہ قرضے لے کر امورِ مملکت چلانے سے معیشتیں بہتر نہیں ہوتیں بلکہ ہنگامی بنیادوں پرپیداواری منصوبے شروع کرنے اور درآمدات سے برآمدات بڑھانے سے بہتری آتی ہے لیکن حکمران صفوں میں ایسی کسی سوچ کا فقدان ہے بلکہ اِس حوالے سے عجب بے نیازی ہے اور وقت گزار پالیسی پر تکیہ ہے جس سے عوام پر غیر ضروری بوجھ میں اضافہ ہو تاجارہا ہے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچاتے بچاتے عوام کو دیوالیہ کے قریب پہنچا دیا گیاہے مگر اب بھی دوستی کا خمار کم نہیں ہوا بلکہ چین کی تابعداری آخری حدوں کو چھونے لگی ہے اب ایسی اطلاعات بھی منصہ شہود پر آنے لگی ہیں کہ اہم عہدوں پر چین اپنے ہم خیال اور خیر خواہوں کو تعینات کرانے لگا ہے اِس حد تک دخل اندازی کی کسی بھی ملک کو اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
ہی لیفنگ 2017سے 2023تک چین کے نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین رہے اِس دوران انھوں نے پاکستان پر خاص طورپر توجہ دیکر سی پیک کی منصوبہ بندی پر عمل درآمد کرانے کی کوشش کی اور اِس دوران کسی نے اختلافِ رائے کی جرأت کی تو حکومت کو ایسے آفیسر کاتبادلہ کرانے کاحکم جاری کردیا اب بھی دس سالہ تقریبات میں شرکت اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور مذاکرات کاحصہ تصورکیا جارہا ہے عالمی معاملات میں دوطرفہ حمایت،اقتصادی و مالی تعاون اور تجارتی روابط میں وسعت لانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کاجائزہ لینے کے ساتھ سی پیک فریم ورک کے تحت جاری تعاون کی خاطر مشترکہ ورکنگ گروپوں کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے سمیت اگلے مرحلے کے لیے شروع ہونے والے منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کافیصلہ کیا گیاہے لیکن خدشہ ہے کہ چینی نائب وزیرِ اعظم کا حالیہ دورہ دباؤ کا نیا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے بہتر یہ ہے کہ کسی عالمی طاقت کی طفیلی ریاست بننے کے بجائے پاکستان ایک آزاد وخودمختارملک کا تاثر بنائے اب بھی ہمارے حکمران دوستی کے نشے میں ملکی مفاد کا سودا کرنے کی پالیسی پر کاربندرہے تو معاشی جڑیں کھوکھلی کرانے کے بعد قومی سلامتی کویقینی نقصان ہونے کاخدشہ قوی تر ہو جائے گا۔
Prev Post
Next Post
تبصرے بند ہیں.