فلپائن: شدیدبارش اورسیلاب بھی شادی کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈال سکا۔ فلپائن کےصوبہ بولاکان میں جوڑا تقریب کو ملتوی کرنے کی بجائے پانی میں ڈوبے چرچ میں شادی کے لیے پہنچ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، فلپائن میں ایک سیلاب سے متاثرہ چرچ میں شادی کی تقریب ہوئی، جہاں جوڑے سمیت باراتی بھی ٹخنوں تک پانی میں بھیگے ہوئے تھے۔
اس انوکھی شادی کی ویڈیو جب سوشل میڈیا پر آئی تو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پورے چرچ میں پانی بھرا ہوا ہے اور اسی پانی میں دلہن عروسی لہنگا سنبھالے اپنے دلہے اور ماں کے ساتھ آرہی ہے۔
جوڑے کا اس موقع پر کہنا تھا کہ، فرق نہیں پڑتا چاہے کچھ بھی ہو، ہم نے سیلاب کے دوران ہی شادی کو انجام دینے کا فیصلہ کیا۔ ہاں البتہ کچھ مہمانوں نے صورتحال کی وجہ سے آنے سے انکار کر دیا لیکن کوئی بات نہیں۔ اہم یہ ہے کہ ہم شادی کرنا چاہتے تھے، ہم دونوں وہاں موجود تھے، ہمارے گھر والے ہمارے ساتھ تھے، اور کیا چاہیئے۔
تبصرے بند ہیں.