پروجیکٹ عمران نے معیشت اور روایات کو تباہ کیا، آج بھی اداروں میں بیٹھے لوگ اسے دیکھ کر "گڈ ٹو سی یو” کہتے ہیں: خواجہ آصف
سیالکوٹ : وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کمزور ملکی معیشت کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت ہے جس کی غلط پالیسیوں سے ملکی معیشت تباہ ہوئی ، ہم پرعزم ہیں اور بہت جلد ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی معیشت کو سہارا دینےکے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا کیا۔
گزشتہ رات سیالکوٹ کے محلہ واٹر ورکس میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ 2018 کے دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجے میں ایسی جماعت کو ایک منصوبے کے تحت لایا گیا، 2018 کا منصوبہ بنانے میں جنہوں نے عمران خان کو سپورٹ کیا، عمران خان اور پی ٹی آئی کی کارکردگی ان کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات سے پہلے سازش کے تحت نواز شریف کو نا اہل قرار دیا گیا، ججوں کو کہا گیا کہ نواز شریف کو نااہل قراردو۔
انہوں نے کہا کہ ملک پہ جو قیامت گزری وہ 9 مئی کا واقعہ ہے جس دوران ملکی دفاع کے ضامن اداروں پر منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے گئے، 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی ، ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہدا کی یادگاروں کی توہین کرنے والوں کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں کھڑاکیا جائے گا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مہنگائی آج بھی بہت ہے، معیشت کمزور ہے جس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت ہے جس کی غلط پالیسیوں سے ملکی معیشت تباہ ہوئی اور مہنگائی کا طوفان آیا حالانکہ 2018 میں نواز شریف کے دور حکومت کے دوران ملکی معیشت مستحکم ہو رہی تھی تاہم پھر ایک سازش کے تحت نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا گیا جس کا خمیازہ آج ہم بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، ایک طرف مہنگائی کا مسلہ اور دوسری طرف 12 جماعتوں کا اتحاد برقرار رکھنابہت مشکل کام ہے جسے ہمارے وزیراعظم محمد شہباز شریف بہت بہتر طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں، انشاءاللہ بہت جلد ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت کی اتحادی جماعتوں نے بھی بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور ایک جزبے کے تحت اتحاد برقرار رکھاجس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ماہ میں انتخابات کا اعلان ہو جائے گا، اسمبلیاں بھی تحلیل ہو جائیں گی۔مسلم لیگ( ن )نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے، اپنے حکمرانوں کے انتخاب کے لیے طاقت پاکستان کی عوام کے ہاتھوں میں جا رہی ہےاور وہ ووٹ کے استعمال سے اپنے حکمرانوں کو منتخب کریں گے اور ملک آگے بڑھے گا۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھاگنے والے اور ہیں ہم تو نظریاتی لوگ ہیں ، میاں نواز شریف کے ساتھ بتیس، تینتیس سال ہو گئے ہیں اور آخری سانس تک نواز شریف کے ساتھرہیں گے، ان ساری باتوں کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے اور وہ قیمت اس طرح ادا کرنی پڑتی ہے کہ مشکل وقت کو عزت و آبرو سے کاٹے نا کہ مشکل وقت آنے پر بھاگ کر گلگت بلتستان یا کراچی جا کر نا بیٹھ جائے۔انہوں نے کہا کہ اس کی تو بارہ بارہ اکٹھی سماعتیں ہوتی ہیں میری ایک ضمانت میں 4 دفعہ بنچ ٹوٹا تھا، میں کیا پاکستان کا شہری نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ایسے ادارے ہیں جو چیئرمین پی ٹی آئی کو دیکھ کرگڈٹو سی یو کہتےہیں، 2018 کے تجربے نے معیشت اور روایات کو تباہ کردیا۔
تبصرے بند ہیں.