نئی دہلی:انڈیا کے چاند کے سفر کا کامیابی سے آغاز ، چندر یان تھری مطلوبہ مدار میں بھیج دیا ہے۔ انڈیا نے اپنے راکٹ سے چاند پر لینڈر اتارنے والے چندر یان تھری سیٹیلائٹ کو کامیابی کے ساتھ زمین کے مطلوبہ مدار میں بھیج دیا ہے۔ چندریان 3 کو آندھرا پردیش میں سری ہری کوٹا کے خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا۔
اس مشن کے آغاز پر وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے مبارکباد دیتے ہوئے کہا چندریان 3 نے انڈیا کے خلائی سفر میں ایک شاندار باب کا آغاز کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مشن انڈیا کے ہر فرد کے خوابوں اور عزائم کو لے کر بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ یہ اہم کامیابی ہمارے سائنسدانوں کی انتھک لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔یہ خلائی گاڑی پانچ اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہو گی۔اگر یہ روور کامیابی سے چاند کے جنوبی قطب تک پہنچ گیا تو انڈیا دنیا کا پہلا ملک ہو گا جو اس جگہ پہنچنے میں کامیاب ہو گا۔چاند کے جنوبی قطب پر سطح پیچیدہ ہے، کافی بڑے گڑھے اور ڈھلوان ہے۔ کچھ گڑھوں میں تو اربوں سال سے سورج کی روشنی بھی نہیں پہنچی لہٰذا وہاں کا درجہ حرارت منفی 203 ہے ۔
یہی وجہ ہے کہ ابھی تک چاند پر جانے والے خلائی مشن چاند کے وسط کے قریب لینڈ ہوتے ہیں جہاں سطح مشکل نہیں اور درجہ حرارت کام کرنے کے لیے ٹھیک ہے۔
انڈین سپیس ایجنسی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مشن کی ناکامی کے امکانات کو کم کرنے کے لیے اقدام اٹھائے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.