65

 

اسلام آباد:  یورپی یونین نے پاکستانی طلباء کی سب سے بڑی تعداد کو یورپی یونیورسٹیوں کو اسکالرشپ پر بھیج دیا۔  یہ لگاتار دوسرا سال ہے جب پاکستان اسکالرشپ حاصل کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔

 

رواں سال یورپی یونین کے اسکالرشپ پروگرام کے تحت سب سے زیادہ 192 پاکستانی طلباء نے یورپی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپ حاصل کیے۔  ان طلباء میں 103 مرد اور 89 خواتین شامل ہیں۔

 

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)  نے یورپی یونین کے اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کی کامیابی کا جشن منانے روانگی سے قبل ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے اسکالرشپ جیتنے پر طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دیں اور یورپ اور اس کی ثقافت کے بارے میں جانیں۔  انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک اچھے اقتصادی، سماجی اور ثقافتی تعلقات کے ساتھ ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ایک اچھے پاکستانی کی خصوصیات کا مظاہرہ کریں، سیکھیں اور تجربہ حاصل کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلباء پاکستان میں ترقی کے عمل کا حصہ بنیں گے کیونکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئیں گے۔

 

یورپی یونین کےپاکستان میں ناظم الامور  مسٹر تھامس سیلر نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بڑی تعداد میں خواتین اس پروگرام کے تحت پیش کردہ اسکالرشپ کے مواقع سے مستفید ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب یورپی یونین اور ایچ ای سی کے درمیان شراکت داری کا جشن ہے جس کی وجہ سے پاکستان سے پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کا بہت زیادہ ہونا ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین عوام سے لوگوں کے رابطے بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے اور اعلیٰ تعلیم اس مقصد کو حاصل کرنے کا موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام طلباء کو ذاتی ترقی کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ان کے قومی کردار میں بھی مدد دے گا۔

 

یاد رہے گزشتہ سال کی پوزیشن کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال پاکستان ایک بار پھر ایراسمس منڈس اسکالرشپس کے تحت دیے جانے والے اسکالرشپس کی تعداد میں دنیا میں پہلے نمبر پر آیا۔ 192 پاکستانی طلباء، 103 مرد اور 89 خواتین نے وظائف حاصل کیے ہیں۔

یورپی یونین نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پر بتایا کہ پاکستانی طلبہ نے یورپی یونین کی سب سے زیادہ سکالرشپ حاصل کیں ہیں۔یورپی یونین کے اسکالرشپ پروگرام ‘ایراسمس منڈس ‘کے تحت 143 ممالک کے 835 طلباء و طالبات کو اسکالرشپس دی گئیں۔

 

192 اسکالر شپ کے ساتھ پاکستان پہلے نمبر پر ہے جبکہ 170 اسکالر شپ کے ساتھ بھارت دوسرے ، 140 اسکالر شپ کے ساتھ بنگلہ دیش تیسرے نمبر پر ہے۔میکسیکو کے 118 جبکہ نائیجریا کے109 طلبہ نے اسکالر شپ حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.