خطے پر تسلط جمانے کا خواب

36

24جون کو لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹرمیں بھارتی فوج نے بلا اشتعال اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے دوکشمیریوں کو شہید اور ایک کو زخمی کر دیا اِس افسوسناک واقعہ کے حوالے سے پاک فوج کے ترجمان کاکہنا ہے کہ نہتے اور معصوم کشمیریوں کی جانیں لیکر دراصل بھارت اپنے جھوٹے بیانیے اور من گھڑت الزامات کو سچ ثابت کرنا اور خطے پر اجارہ داری قائم کرناچاہتا ہے دشمن سپاہ کی بزدلانہ کارروائی کاموثر جواب دینے کے حق کی بات کرتے ہوئے بھارت سے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری کا مطالبہ بھی کیا گیا پاکستان نے واقعہ پر بھارتی ناظم الامور کو دفترِخارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھماتے ہوئے واقعہ کی وضاحت طلب کی ہے بھارت کے امن دشمن حالیہ اقدامات اور جارحانہ رویہ اِس جانب اشارہ کرتاہے کہ وہ ہماری امن کی خواہش کوکمزوری سمجھ کر خطے پر تسلط جمانے کے احمقانہ خواب دیکھنے لگا ہے ضرورت اِس امر کی ہے کہ وقت ضائع کیے بغیر نہ صرف سفارتی ذرائع سے بھارتی اشتعال انگیزیاں اُجاگر کی جائیں بلکہ رسمی احتجاجی مراسلے تھمانے کے علاوہ جارحیت کی مرتکب ریاست کو دندان شکن جواب دیا جائے تا کہ آئندہ اُسے انسانی جانوں سے کھیلنے کی کبھی ہمت نہ ہو۔
عالمی سطح پر بڑھتے چینی اثرورسوخ کو محدودکرنے کے لیے بھارت امریکہ کی ضرورت ہے 23 جون جمعہ کے روز وائٹ ہاؤس میں ہونے والی مودی بائیڈن ملاقات ثابت کرتی ہے کہ امریکہ نے چین کو محدودکرنے کاکلیدی کرداربھارت کو سونپ دیاہے اسی بنا پرمودی جیسے جنونی کو مشترکہ اعلامیے میں ایسے نکات شامل کرانے میں کامیابی ہوئی جن میں پاکستان سے ایسی تنظیموں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیا جو پُرامن جدوجہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے باشندوں کو حقِ خوداِرادیت دلانے کے لیے سرگرم ہیں اگر کسی ایک آدھ تنظیم پر مسلح کارروائیوں کا الزام ہے تواُسے ملک میں قانونی بندشوں کا سامنا ہے جس کی بنا پر مودی،بائیڈن مشترکہ اعلامیے کو دنیا بھر کے امن پسند حلقے غیر ضروری اوربے وقت کی راگنی قرار دیتے ہیں پاکستان کا امریکی ڈپٹی چیف کو دفترِ خارجہ بلا نا اور مشترکہ اعلامیے پرشدید احتجاج کرنااوریہ کہناکہ یکطرفہ غیرضروری بیان پر مایوسی ہوئی نیزاعتمادپر مبنی ماحول پاک امریکہ تعلقات مستحکم کرنے کے لیے ناگزیر ہے درست سہی، دوٹوک کرنے والی بات یہ ہے کہ کشمیر تقسیم ِ ِہندکا دیرینہ
مسئلہ ہے جو خطے کے دوبڑے ممالک میں طویل عرصہ سے کشیدگی کا باعث ہے جس کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ نے ایک سے زائد قراردادیں پاس کررکھی ہیں مگر خطے پر تسلط جمانے کے احمقانہ خواب دیکھنے والا جارح بھارت اپنے وعدوں سے منحرف ہو کر مقبوضہ کشمیر کوحاصل خصوصی درجہ ختم کرتے ہوئے نہ صرف یکطرفہ طورپرضم کر چکا ہے بلکہ سواکروڑ سے زائد مسلمان آبادی کو عملی طور پر قیدی بنا رکھا ہے ریاست میں مذہبی اور انسانی حقوق عملاً معطل ہیں انسانی حقوق کے علمبردار امریکہ کی حالات سے چشم پوشی ثابت کرتی ہے کہ اُس کے قول وفعل میں تضاد ہے اورضرورت پڑنے پروہ جارح ملک کی سرپرستی معیوب تصور نہیں کرتا۔
دوجوہری ممالک میں ٹکراؤ بنی نوح انسان کے لیے کسی طور سود مند نہیں ہوسکتا لیکن جنونی ہندو اکھنڈ بھارت کے لیے ہر انتہا تک جا نے کوتیار ہیں خطے کا امن داؤ پر لگتا دیکھ کر بھی امریکہ خاموش ہے جہاں تک چین سے مقابلے کی بات ہے 1962 سے لیکر اب تک وسیع یا محدود ہونے والی تمام جھڑپوں میں ہمیشہ بھارت کو ہزیمت ہوئی ہے اسی لیے فوجی حوالے سے چین کا مقابل قیاس کرناہی غلط ہے علاوہ ازیں تجارتی و معاشی حوالے سے بھی ایسے کسی قیاس کی تائید نہیں ہوتی ماہرین اِس پر متفق ہیں کہ بھارت کی طرف سے خریدے اسلحہ کے ڈھیر پاکستان کے خلاف استعمال ہو سکتے ہیں پھربھی روایتی اور جوہری ہتھیاردیکرخطے کا امن تہہ وبالا کرنے میں امریکہ کا حصہ داربنناناقابلِ فہم ہے کیاوہ نہیں جانتا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بھاری نقصان اُٹھایا ہے؟ علاوہ ازیں بھارت کے طول و عرض میں مسلمان،سکھ،عیسائی،دلت اور بدھ مت نہ صرف بنیادی انسانی حقوق سے محروم بلکہ ہندواکثریت کے ظلم و ستم کا شکار ہیں؟ظاہرہے اُسے تمام حالات کا بخوبی علم ہے اور ضرورت کی وجہ سے چشم پوشی پر مجبور ہے ہر بار میدانِ حرب میں منہ کی کھا کر فرار ہونے والی بھارتی افواج مستقبل میں بھی چین کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں کیونکہ اندرونِ ملک دودرجن سے زائد علیحدگی کی تحریکیں زوروں پر اور سات ریاستوں میں حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے اِ ن حالات میں نقصان سے دوچار کرناتودرکنارمقابلے کی توقع رکھناہی احمقانہ خیال ہے اپنے ملک میں جوسپاہ حکومتی رَٹ بحال کرنے سے قاصرہے وہ کسی مضبوط فوج کا خاک مقابلہ کر سکتی ہے؟۔
ہر ملک کواپنی آزادی و خودمختاری کا تحفظ کرنے کاحق حاصل ہے جسے کوئی عالمی طاقت سلب نہیں کر سکتی آزادکشمیر میں آنے جانے کے ایسے علاقے جہاں آمدورفت کا سلسلہ کچھ عرصہ سے مکمل طور پر منقطع ہے بھارت کی اشتعال انگیزی اور خبردار کیے بغیر چرواہوں کو نشانہ بنانا ثابت کرتا ہے کہ اُس کے توسیع پسندانہ عزائم امریکی تائیدحاصل ہوتے ہی واضح ہو چکے ہیں جن کاادراک نہ کرنا جان بوجھ کرنقصان اُٹھانے کے مترادف ہوگا ایک بات طے ہے کہ بھارت امن کی زبان نہیں سمجھتا اگر سمجھتا ہوتا تو ابھی نندن کی رہائی سے ضرور سبق حاصل کرتا امریکہ،روس،اسرائیل اور یورپ سے وسیع پیمانے پر اسلحہ خرید ناثابت کرتا ہے کہ اُس کے عزائم خطرناک ہیں اور وہ خطے پر تسلط جمانے کے اپنے دیرینہ خواب کو تعبیر دینے میں مصروف ہے جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تیاری لازم ہے یادرکھیں اگر تیاری ہو تو یا تو جنگ نہیں ہوتی اور اگر جنگ ہو توکبھی شکست نہیں ہوتی۔

تبصرے بند ہیں.