اسلام آباد: پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آج سے 30 جون تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گجرانوالہ اور ڈی جی خان کے نشیبی علاقوں میں 26 اور 27 جون کو سیلاب آنے کا بھی خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج سے بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہوچکا ہے 30 جون تک بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔
25 جون سے ملک کے کئی شہروں میں بارشیں ہو سکتی ہیں تاہم 24 سے 30 جون تک لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد میں بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، ساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے شہروں ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگرمیں 26 سے 29 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کی وجہ سے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں اور شہروں میں 26 اور 27 جون کو سیلاب کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے جبکہ 27 جون کو ڈی جی خان میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آندھی اورموسلا دھار بارشیں بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ جیسے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں جبکہ مسافروں اور سیاحوں کو خراب موسم میں ناخوشگوار حالات سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایات کر دیں۔ کاشتکار بھی موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی امور کا بندوبست کریں۔
تاہم، متاثرین کسی بھی قسم کی سول ایمرجنسی میں مدد کے لیے پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کرسکتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.