امریکی کانگریس میں عمران خان   کی حمایت، مقدمات کے اندراج اور   الیکشن  التواء پر تشویش کا اظہار

72

واشنگٹن:امریکا کی امور خارجہ کمیٹی کے سینیئر رکن اور کانگریس رہنما بریڈ شرمین نے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے نام خط لکھا ہے۔

 

خط میں کہا گیا کہ پاکستان کے داخلی حکومتی معاملات میں امریکا مداخلت نہیں کرتا مگر اس مؤقف کا اعادہ کیا جانا چاہیے کہ حکومت پاکستان لوگوں کے آزادی اظہار ، جمع ہونے، اور پر امن مظاہرے کے حق کا احترام کرے، یہ اہم ہے کہ ایسا جمہوری اور خوشحال پاکستان ہو جہاں لوگ آزادانہ اور کھلے انداز سے جمہوری ڈائیلاگ کرسکیں۔

 

بریڈ شرمین کے مطابق عمران خان کے خلاف کئی مقدمات کا اندراج  تشویش ناک ہے اور ان کے حامیوں کے خلاف طاقت کا استعمال، مظاہرین کی گرفتاریاں بھی باعث پریشانی ہیں،  عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس دکھانے پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔

 

سینیئر رکن نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہےکہ پچھلے سال سیاسی شخصیات بشمول سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل اور صحافی جمیل فاروقی کو مبینہ تشدد اور جنسی بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے خط میں لکھا کہ امین گنڈا پور کی گرفتاری نے خدشات اور بڑھا دیے ہیں۔

 

انہوں نے عمران خان کے خلاف وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے بیانات کا بھی حوالہ دیا کہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو سیاسی میدان سے ختم کر دیا جائے گا۔

 

کانگریس رہنما نے مؤقف اپنایا کہ حکام کی جانب سے دو اہم صوبوں میں الیکشن کا التواء جمہوری عمل پر چوٹ ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے اور الیکشن وقت پر کرائے۔

 

 

تبصرے بند ہیں.