نواں لاہور پولیس کی غنڈہ گردی، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے مقامی شہری کو اغواءکر لیا

25

گوجرہ: نواں لاہور پولیس کے تھانیدار نے ساتھیوں کی مدد سے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے مقامی شہری پر گالیوں اور تھپڑوں کی بارش کر دی اور اسے اغواءکر کے تھانہ کی حوالات میں بند کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق محلہ چمنی شاہ روڈگوجرہ کے رہائشی معروف زمیندار چوہدری محمد اکرم ٹھیکیدار کا بیٹا چوہدری محمد ندیم اکرم گجر اپنی فیملی سمیت سحری اور نماز کی ادائیگی کے بعد گھر میں موجود تھا کہ نواں لاہور پولیس کے تھانیدار سب انسپکٹر محمد عامر نے درجن بھر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ اس کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ 
تھانیدار سب انسپکٹر محمد عامر اور اس کے ساتھ آئے دیگر اہلکار چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے زبردستی دیواریں پھلانگ کر گھر میں گھس گئے اور پولیس گردی کی انتہا کرتے ہوئے چوہدری ندیم اکرم گجرکو اٹھا کر ہمراہ نواں لاہور لے گئے اور اس کے ساتھ بدتمیزی کی انتہا کردی اور اسے بغیر کسی مقدمہ کے اندراج کے تھانہ کی حوالات میں بند کر کے کئی گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھا جبکہ شدید عوامی ردعمل کے بعد مغوی کو آزادی نصیب ہوئی۔
مقامی شہریوں نے اس پولیس گردی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عارف شہبازخان وزیر کی توجہ اس اہم معاملے کی جانب مبذول کراتے ہوئے پولیس گردی کا نوٹس لے کر ذمہ داران کو محاسبہ کی نکیل ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس گوجرہ آفتاب احمد صدیقی نے متاثرین کو اس واقعہ کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تبصرے بند ہیں.