عدلیہ الیکشن میں مداخلت نہ کرے، قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

78

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں عدلیہ کے خلاف قراردار متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جس میں سپریم کورٹ سے الیکشن کے معاملے میں مداخلت نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان عدلیہ کی مقننہ میں مداخلت کو مسترد کرتا ہے، ایوان تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت کرانے کا مطالبہ کرتا ہے اور انتخابات سے متعلق کیس میں چار تین کے تناسب سے فیصلے کی تائید کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ عدلیہ الیکشن کمیشن میں عدلیہ مداخلت نہ کرے جبکہ الیکشن سے متعلق مقدمات کی سماعت فل کورٹ کرے، یہ ایوان سیاسی معاملات میں عدلیہ کی بے جا مداخلت کو سیاسی عدم استحکام کا باعث سمجھتا ہے۔ 
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ سیاسی و انتظامی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے، الیکشن کمیشن کو اس کی صوابدید کے مطابق سازگار حالات میں الیکشن کا انعقاد کرانے دیا جائے کیونکہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، ایوان نے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ 

تبصرے بند ہیں.