بعض ججز قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس بننے سے روکنے کیلئے عمران خان کو دوبارہ وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں: سینئر صحافی 

70

 

اسلام آباد: سینئر صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض ججز جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس بننے سے روکنے کے لیے عمران خان کو واپس حکومت میں لانا چاہتے ہیں۔ انتخابات اس وقت ہوں گے جب عمران خان نااہل ہوجائیں۔

 

سینئر صحافی حامد نے اپنے کالم میں لکھا کہ عمران خان کو حکومت سے تو نکال دیا گیا لیکن انہوں نے نکالنے والوں کی زندگی کو عذاب بنا رکھا ہے۔ وہ پچھلے ایک سال سے ان سب کے اعصاب پر ایک ہتھوڑا بن کر برس رہے ہیں جنہوں نے مل جل کر انہیں وزارت عظمیٰ سے فارغ کیا۔ آپ عمران خان کی سیاست میں سے ایک سو ایک یوٹرن تلاش کرکے انہیں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ابن الوقت قرار دے سکتے ہیں لیکن عمران خان کے مخالفین کا صرف ایک یوٹرن ان کی سیاست کے لئے ڈیتھ وارنٹ بن چکا ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم نہیں مانا جائے گا وہی ہوگا جو 2018ء میں نواز شریف کے ساتھ ہوا۔ پہلے نااہلی پھر انتخابات۔ اکتوبر 2023ء تک عمران خان نااہل ہوگئے تو انتخابات بھی ہو جائیں گے بصورت دیگر اکتوبر میں بھی انتخابات مشکل ہیں۔ عمران خان کی تمام تر امیدوں کا مرکز سپریم کورٹ ہے۔

 

حامد میر نے کہا کہ عمران خان کو یقین ہے کہ جس سپریم کورٹ نے نواز شریف کو نااہل کیا وہ انہیں نااہلی سے بھی بچائے گا اور حکومت کو نوے دن میں انتخابات کرانے پر بھی مجبور کردے گا۔ کوئی مانے یا نہ مانے لیکن اس تاثر کو جھٹلایا نہیں جا سکتا کہ کچھ جج صاحبان ہر قیمت پر عمران خان کو حکومت میں واپس لانا چاہتے ہیں تاکہ کسی طریقے سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس آف پاکستان بننے سے روکا جا سکے۔ ان جج صاحبان کی لڑائی آئین کی بالادستی کے لئے نہیں ہے بلکہ یہ ذاتی لڑائیوں میں الجھے ہوئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.