سندھ بلدیاتی انتخابات، 15 اضلاع میں پولنگ کا عمل جاری

69

کراچی :سندھ کے 15 اضلاع میں مختلف وجوہات پر بلدیاتی الیکشن کیلئے  روکی گئی پولنگ کا آغاز ہو گیا۔

سندھ کے 15 اضلاع میں   90 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ  جاری ہے جن میں ضلع جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیر پور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، حیدر آباد، جامشورو اور بدین میں مختلف کونسلز کی کیٹگریز چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، جنرل ممبرز کی نشستوں پر دوبارہ پولنگ جاری ہے۔

خیرپور میں 2 ٹاؤن کمیٹیوں اور ایک یونین کونسل کے ایک ایک وارڈ میں آج دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں۔یونین کونسل کنڈیاری کے وارڈ نمبر 4 میں پولنگ ہو رہی ہے جبکہ ٹاؤن کمیٹی کوٹ ڈیجی وارڈ 5 کے پولنگ اسٹیشن7 میں پولنگ تاخیر شکار ہوئی۔

 

آر او دریا خان چانڈیو  کا کہنا ہے کہ  الیکشن کمیشن کے حکم پر پولنگ 8:30 پر شروع ہوئی۔خیرپور میں تینوں وارڈز پر بلدیاتی انتخابات میں ہنگامہ آرائی اور بیلٹ بکس اٹھائے جانے کے واقعات ہوئے تھے۔

 

حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی 2 یوسیز  میں بھی پولنگ کا عمل جاری ہے ،حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی 2 یوسیز کے 2 پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔

حیدرآباد کی یوسی 35 اور 28 کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے، یوسی 35 کے وارڈ 3 اور یوسی 28 کے وارڈ 1 پر جنرل ممبرز کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔

یونین کمیٹی28 پر 7، یونین کمیٹی 35 پر 10 پینلز چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے مدمقابل ہیں۔

 

 الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں یونین کونسلوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، پولنگ کے عمل کو پرامن بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں، پیپلز پارٹی،جی ڈی اے سمیت 29 امیدوار میدان میں ہیں۔

 

واضح رہے کہ سانگھڑ میں پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کےحامیوں میں جھگڑے کے باعث الیکشن ملتوی ہوئے تھے۔ اس بار کے بلیاتی انتخابات میں   پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، اور تحریک لبیک کے امیدوار مد مقابل ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.