سرکاری حج سکیم کے تحت 26 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

26

لاہور: سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی جاری ہے اور 22 مارچ تک 26 ہزار سے زائد درخواستیں بینکوں میں موصول ہو چکی ہیں جبکہ سپانسر شپ سکیم کے تحت بیرون ملک سے ڈالر منگوانے والے درخواست گزاروں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق حج درخواست گزاروں کے فیڈ بیک پر آسانی کیلئے بینکوں کو مزید ہدایات جاری کی ہیں اور اب سمندر پار پاکستانی بیرون ملک سے بنوایا گیا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی بینک میں جمع کراسکتے ہیں جبکہ مشکل پیش آنے کی صورت میں سادہ صفحے پر بیان حلفی بینک میں جمع کروایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان واپسی پر حج پرواز سے پہلے پاکستان سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بنوا کر بینک میں جمع کروانا ہو گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست گزار منظور شدہ ویکسین کی پہلی ڈوز لگوا کر درخواست جمع کروا سکتے ہیں جبکہ روانگی سے قبل مکمل ڈوز لگوا کر بینک میں سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہو گا، نادرا کے علاوہ غیر ملکی ویکسین سرٹیفکیٹ بھی قبول ہو گا جبکہ نامزد بینک حج درخواستیں 25 اور 26 مارچ کو بھی وصول کریں گے۔ 
سپانسر شپ بھجوانے والے کا عازمین حج سے خونی رشتہ ہونا ضروری نہیں، رقم کے ہمراہ عازم حج کا نام، شناختی کارڈ، رابطہ نمبر بھجوانا لازم ہے جبکہ ایسے افراد کی آسانی کیلئے آسان اکاؤنٹ کی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کی جا چکی ہے۔ 
حجاج کرام کو سعودی عرب میں قربانی کا کوپن خود خریدنا ہو گا اور اس مقصد کیلئے پاکستان حج مشن سعودی عرب میں رہنمائی کرے گا، قربانی کوپن کی رقم 700 تا 1 ہزار ریال ہو سکتی ہے۔ ریگولر سکیم کے سمندر پار درخواست گزار پاکستان میں نامزد فرد کے ذریعے حج درخواست جمع کروائیں۔ 

تبصرے بند ہیں.