الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کے انتخابات ملتوی کر دئیے

86

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کے انتخابات ملتوی کر دئیے ہیں اور اس ضمن میں حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کے انتخابات ملتوی کر دئیے گئے ہیں اور اب یہ انتخابات آٹھ اکتوبر کو ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سٹیک ہولڈرز کی بریفنگ اور موجودہ ملکی معاشی و سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حکم نامہ جاری کیا ہے۔ ای سی پی کا کہنا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات میں صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 30 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی تھی اور الیکشن شیڈول بھی جاری کر دیا گیا تھا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کیلئے پابند کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی تھی۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا۔ درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے، اس لئے الیکشن کمیشن کو انتخابات کروانے کا پابند کیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.