سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو اٹھایا گیا اور پھر اپنی مرضی کا بیان دینے پر مجبور کیا: پرویز الٰہی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد کے ذریعے اٹھانا اور پھر اپنی مرضی کا بیان لینا وطیرہ بن چکا ہے، سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو اٹھایا گیا اور پھر اپنی مرضی کا بیان دینے پر مجبور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے بیان میں کہا کہ شریف خاندان سمجھتا ہے کہ جو فیصلے ان کے حق میں صرف وہ ٹھیک ہیں۔ یہ جو سارا کچھ ہو رہا ہے عدلیہ کو انڈرپریشر کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ (ن) لیگ عدلیہ اور ججوں کے خلاف سوچی سمجھی سازش کر رہی ہے کیونکہ مریم نواز اور شریف خاندان چاہتے ہیں کہ ہائیکورٹ اور ججز کے ان کے انڈرپریشر رہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ معزز جج صاحبان تمام فیصلے شریف خاندان سے پوچھ کر سنایا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی حکومت اپنے مخالفین کو نامعلوم افراد کے ذریعے اپنی مرضی کے مطابق بیان دینے پر مجبور کر رہے ہیں۔ نامعلوم افراد کے ذریعے اٹھانا اور پھر اپنی مرضی کا بیان لینا وطیرہ بن چکا ہے۔ سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو اٹھایا گیا اور پھر اپنی مرضی کا بیان دینے پر مجبور کیا گیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے صبر کا امتحان نہ لیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جو چاہتی ہے وہ کبھی نہیں ہو گا۔ ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔ عمران خان کو جھوٹے کیسوں میں الجھا کر الیکشن سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف ہر محاظ پر ان کا مقابلہ کرے گی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت سازش کے تحت عمران خان اور فوج کو لڑانا چاہتی ہے۔ عمران خان کی محب وطنی کسی سے چھپی ہوئی نہیں۔ عمران خان اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کرنے کا عزم لئے ہوئے ہیں۔ فوج ہمارے ملک کی سلامتی کی علامت ہے۔ ایسے ادارے کے خلاف زبان درازی بغاوت ہے۔
تبصرے بند ہیں.