عمران خان کا 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا اعلان

13

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری گرفتاری عدالت میں پیش ہونے کیلئے نہیں مجھے مارنے کیلئے ہے، میں قانون کی بالادستی اور عملدرآمد پر یقین رکھتا ہوں، 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کسی صورت 90 دن سے آگے نہیں جانے دیں گے، انتخابات 90 روز سے آگے گئے تو آئینی تحریک چلائیں گے، کسی صورت آئین کی خلاف ورزی کرکے انتخابات آگے جانے نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تھا میری گرفتاری عدالت میں پیش ہونے کیلئے نہیں مجھے مارنے کیلئے ہے، عدالت میں پیش ہونے سے کبھی انکار نہیں کیا، یہ مجھے اس جگہ بلا رہے ہیں جس پر مجھے سکیورٹی خدشات ہیں، میں قانون کی حکمرانی اور عملدرآمد پر یقین رکھتا ہوں، 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گا۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب کہہ دیا تھا کہ عدالت پیش ہوں گا توسارا ڈرامہ کیوں رچایا جا رہا ہے، میرے کارکن غصے میں ہیں، کارکن کہتے ہیں آپ کیوں بار بار قانون پر عملدرآمد کی رٹ لگائے ہوئے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننا ٹیک اوور کو دعوت دینا ہو گا، میری حکمت عملی اس بات پر ہے کہ یہ سپریم کورٹ کا فیصلہ مانتے ہیں یا نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مارچ 2021 میں اہم شخصیت نے بتایا کہ جنرل باجوہ آپ کو نکالنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، پولیس اور رینجرز اہلکار میری گرفتاری کیلئے دو بار میرے قریب پہنچے، کوئی شک نہیں گرفتاری کے بعد مجھ پر تشدد ہو گا۔ 

تبصرے بند ہیں.