"ہم کہاں ہیں؟ ہم کون ہیں؟ ہم الو کے۔۔۔۔ہیں "

13

لڑکپن میں ہم اپنے والد محترم کے ساتھ بکرا عید پر بکرا خریدنے جاتے …. یہ ہر بچے کا شوق ہوتا ہے، اس شدید خواہش کے پیش نظر ہر بچہ چاہتا ہے وہ اس خریداری کے عمل کو اپنی آنکھوں سے دیکھے بلکہ اس سارے عمل میں ”شریک“ بھی ہو۔
گھر سے نکلتے ہوئے والد صاحب نے نوٹ بڑے بھائی کے کوٹ کی اندر والی جیب میں خود ڈال دیے اور اچھی طرح سے کوٹ کے دونوں بٹن بند کر کے کھینچ کے یوں دیکھا کہ جیسے چائنہ کا گولڈن تالہ لگ گیا ہو اور وہ اس تالہ بندی سے مطمئن اور بھائی ذمہ داری سے سر کو اس انداز میں ہلا رہا ہوتا جیسے اسحاق ڈار ماہ نومبر 2022ءمیں….!
بات لمبی ہے اس لیے شروع میں ہی بتا دوں کہ اس ساری کوشش اور اطمینان کر لینے کے باوجود بھی ایک گھنٹہ بعد بکرا منڈی سے واپسی پیدل ہوئی کیونکہ ہم بکرا لینے کے قابل نہ رہے جب پتہ چلا کہ جیب کترا بھائی کی جیب کاٹ کے کوٹ کے اندر سے روپے نکال کے جا چکا ہے۔
جیب بھائی کی کٹی…. پیسے دوبارہ والد صاحب کو منڈی سے سات کلو میٹر دور پیدل چل کر گھر سے ”امی سے…. منت سماجت کر کے“ لانا پڑے (کیونکہ رکشہ ٹیکسی کو دینے کے لیے بھی پیسے نہ تھے جو تھا وہ بھائی جان کی کوٹ کی اندر والی جیب میں تھا…. وغیرہ وغیرہ لیکن شرمندہ ہم خود کو محسوس کر رہے تھے…. ”جس طرح اس وقت لاہور کے زمان پارک میں لیڈری عمران خان کی چمک رہی ہے…. موڈ میں گلگت بلتستان کا لیڈر ہے…. باتیں لیک ہو رہی ہیں ملکہ…. اوہ سوری…. ڈاکٹر یاسمین راشد صاحبہ کی (ہمارا ایک دوست عمر…. کام…. حرکتوں اور داؤ پیچ لگانے کے انداز سے
محترمہ کو ڈاکٹر یاسین راشد کہتا ہے اور بھی بہت کچھ کہتا ہے لیکن آپ لوگ کام سے کام رکھیں…. توجہ موضوع خاص پر رکھیں ورنہ بات سمجھ نہ آئے گی اور مزہ بھی کرکرا) لیکن شاہ محمود قریشی…. میاں محمود الرشید…. اعجاز چوہدری ایویں ساتھ خود کو لیڈر لیڈر محسوس کر رہے ہوتے ہیں….؟! جیسے بچے ”وڈے“ بوٹ پہن کر ایڑھیاں اٹھا اٹھا کر بڑوں کے ساتھ فوٹو اتروانے اور بڑوں جتنا نظر آنے کے چکر میں ایڑھیاں اٹھا اٹھا کر برابری کی کوشش میں گرتے ہیں اور دانت تڑوا بیٹھتے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ جب دوبارہ پسینے میں شرابور پیدل چل چل کر ہم نے پھر سے ضد کی اور خود کو ضدی منوایا تو پھر سے والد صاحب نے بھائی جان والا کوٹ خود پہن لیا۔ اندر کی جیب میں پیسے رکھے اور دونوں بٹن بند کیے تین چار بار ہاتھ مار مار کے چیک بھی کر لیا کہ ”روپے“ اس بار ”بھی“ محفوظ ہیں ناں….! تو جو زنجیر بکرے کو پہنانے کے لیے گھر سے ہی لے کر ہم لوگ جایا کرتے تھے…. وہ بھی بھائی جان کو تھما دی اور ہم پھر سے ساتھ میں پیچھے پیچھے…. اعجاز چوہدری…. میاں محمود الرشید اور پرویز خٹک کی طرح…. ایویں ساتھ ساتھ دھول اڑاتے ہاتھ سے مکھیاں اڑاتے اور بکروں کی مینگنیوں سے گائے کے گوبر سے خود کو بچاتے (حالانکہ بکرا منڈی سے لید اور گوبر میں دھنسے پاؤں کے بغیر کوئی آ کے دکھائے؟) کئی گھنٹے کی خجل خرابی کے بعد اس زعم میں واپس گھر آتے اور گھر داخل ہونے سے پہلے بکرے کا ایک کان ایسے پکڑ کر آتے کہ جیسے بکرا ہم ہی خریدنے گئے تھے …. والد صاحب اور بھائی جان تو ساتھ ویسے ہی گئے تھے۔
ادھر زمان پارک میں نہ جانے کون سے کمرے سے کہ آنسو گیس کے شیل تو پوری زمان پارک میں ادھر ادھر بکھر رہے ہیں (اور مفت میں ہمسائیگی کے مزے تو جناب اعتزاز احسن بھی آنسو گیس کی صورت میں لے رہے ہوں گے؟) جناب عمران خان نے CNN کو انٹرویو دے ڈالا…. دیکھ لیں آپ لوگ کہتے ہیں خان کو سیاست نہیں آتی…. ”خان نے بھاگتے”چور“ کی لنگوٹی ہی سہی“ کے مترادف گلگت بلتستان کی ”حکومت“ کو سمیت گن مینوں کے زمان پارک میں ہی اپنی ذاتی سکیورٹی کی وجہ سے چھپا رکھا تھا کہ بوقت ضرورت کام آئے اور پتہ چلے کہ خان نے ملکی اداروں کو آمنے سامنے تو کھڑا نہیں کیا…. نہ ہی قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑائی ہیں…. نہ انصاف کا ذکر نہ تحریک انصاف کا ذکر…. نہ ہی گلگت بلتستان کے بڑے صاحب کا ذکر…. جلدی میں ہنگامی میسج بھی خان نے لال شرٹ پہنے جاری کر دیا…. ”جلدی کرو…. حملہ ہو گیا ہے زمان پارک آؤ…. نہیں آنا نہ آﺅ…. شور تو ہمارے ساتھ مل کے مچاؤ…. وغیر وغیرہ“…. ڈنڈے اینٹیں پولیس کے اعلیٰ افسر بے چارے کھا رہے ہیں، یا گلگت بلتستان سے آئے تین سو کے قریب جوان طریقے سے موقع پا کر حملے کر رہے ہیں اور نہ جانے کون کون پریشان وخوار ہو رہا ہے لیکن…. اعجاز چوہدری ، پرویز خٹک اور محمود الرشید نے بھی شاہ محمود قریشی کے ساتھ پریس بریفنگ دینے کی کوشش کی لیڈری چمکانے خود کو دکھانے اور بڑابن جانے کے چکر میں ایڑھیاں اٹھا اٹھا کر گرنے اور”وڈے“ بوٹ پہن کر دانت تڑوانے کے چکر میں؟! بات تو آپ سمجھ گئے ہوں گے نہیں سمجھے تو بکرا خریدنے جانے کی ہماری رو داد پھر سے پڑھ لیں؟!

تبصرے بند ہیں.