پولیس اہلکاروں پر حملہ، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ پر عمران خان سمیت 25 سو کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ

30

 

لاہور : زمان پارک میں پولیس افسران اور اہلکاروں پر حملہ کے الزام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت 2500 کارکنان کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

 

نیو نیوز کے مطابق  زمان پارک میں ہنگامہ آرائی چیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر مقدمہ  نمبر 410/23 تھانہ ریس کورس میں درج ہوا ۔  ایس ایچ او ریس کورس ریحان انور کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ مقدمہ میں دہشت گردی سمیت 20 دفعات شامل کی گئی ہیں ۔

 

مقدمہ کے مطابق تحریک انصاف کے قائدین اورسینکڑوں کارکنان نے عمران خان کی ایما پر سنگین جرائم کیے۔ عمران خان اور ساتھیوں پر مجرمانہ سازش کی دفعہ بھی لگ گئی۔ مقدمہ میں بلوہ، مسلح افراد کا غیرقانونی اکٹھ، اور سمن وصولی سے انکار کی دفعات شامل ہیں۔

 

ایف آئی آر کے مطابق  کار سرکار میں مداخلت، مجرموں کو پناہ دینے کی دفعات بھی شامل  ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان عوام کے لئے مشکلات اور پریشانی پیدا کرنے کے موجب بنے ۔ کارکنوں نے پٹرول بم استعمال کیے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ۔  کارکنوں کے حملوں میں ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت 63 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔

 

لاہور کے زمان پارک میں ہنگامہ آرائی پر تھانہ ریس کورس میں تین مقدمات درج  ہیں۔ پولیس وین کو توڑنے کا مقدمہ ایلیٹ پولیس اہلکار شبیر حسین کی مدعیت میں درج  ہے۔ ٹریفک پولیس آفس جلانے کا مقدمہ ٹریفک آفیسر ظفر القدوس کی مدعیت میں درج  ہے۔  دو مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.