پولیس گرفتار نہ کرے ، عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہوں: عمران خان 

36

 

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 18 مارچ کوعدالت پیش ہونے کی تحریری یقین دہانی جمع کروا دی ہے اب میری گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

 

عمران خان نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب عوام سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اشتیاق اے خان کو کوڈ آف کرمنل پروسیجر سیکشن 76 کے تحت ایک شیوریٹی بانڈ جاری کیا کہ میں 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گا۔ جس کے بعد میری گرفتاری کا جواز نہیں بنتا۔‘

 

’انتشار سے بچنے کے لیے شوریٹی بانڈ جاری کیا اور اب میری گرفتاری کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا لیکن یہ لندن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے پھر سے غیر قانونی کاروائی کے لیے تیار ہیں۔‘

 

عمران خان نے کہا کہ اب یہ پھر سے زمان پارک کو فتح کرنے کے لیے بھاری نفری اور رینجرز کو تیار کر رہے ہیں۔

 

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’کل دوپہر سے جیسے پولیس نے زمان پارک پر حملہ کیا ایسا لگ رہا تھا کہ یہ مقبوضہ کشمیر ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے پولیس نے پارٹی کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

 

وارنٹ گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری کی عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور ان کو پتا ہے کہ میں وہاں سکیورٹی کی وجہ سے پیش نہیں ہوا۔

تبصرے بند ہیں.