شہداءپاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا: آرمی چیف

11

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہداءپاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انشاءاللہ پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان میں پاک، افغان سرحد پر فرنٹ چوکیوں کا دورہ کیا اور موقع پر موجود فوجیوں سے بات چیت کی۔
آرمی چیف نے وانا میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فارمیشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا جس دوران انہیں فارمیشن کے آپریشنل، تربیتی اور سکیورٹی کے ساتھ ساتھ نئے ضم شدہ اضلاع میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ 
آرمی چیف نے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے سازگار ماحول کی تشکیل اور فراہمی کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف لڑنے کیلئے فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے مختلف ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت اور خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

تبصرے بند ہیں.