عمران خان نااہلی کیس: جواب جمع کرانے کیلئے وقت دیدیں: وکیل چیئرمین پی ٹی آئی، 2031 کی تاریخ دے دیتا ہوں: چیف جسٹس کا طنز

174

 

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی  چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیا 2031 کی تاریخ دیدوں میری ریٹائرمنٹ کا سال ہے ۔

 

عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت  اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔

 

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل مکمل کر لیے ہیں؟ وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ عمران خان کے وکیل نے مجموعی طور پر 5اعتراضات اٹھائے۔ ابھی تو میں نے دلائل شروع ہی نہیں کیے۔ میں 5 نکات پر ایک ایک کر کے دلائل دوں گا۔ ابھی صرف ایک نکتے پر دلائل دیے ہیں۔

 

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن نے بیان حلفی پر کوئی فائنڈنگز دیں؟  وکیل درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کبھی کوئی فائنڈنگز نہیں دی گئیں۔

 

عمران خان کے وکیل سلمان ابوذر نیازی نے کہا کہ اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست پر تحریری جواب جمع کرانا چاہتا ہوں ۔ ہمیں تھوڑا وقت دیدیں، جواب جمع کروا دیں گے۔ گزشتہ سماعت پر تاریخ سے متعلق پتہ نہیں چلا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کاتو پتہ نہیں لیکن میرا حافظہ بہت تیز ہے۔ ہم نے کیس کی سماعت کے دوران ہی آج ہی کی تاریخ دی تھی۔

تبصرے بند ہیں.