عمران خان گرفتار ہوئے تو پارٹی کی قیادت میں سنبھالوں گا: شاہ محمود قریشی

21

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر عمران خان گرفتار ہوئے تو پارٹی کی قیادت میں سنبھالوں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ایک بلاجواز مقدمہ بنایا گیا، پریس کانفرنس سے متعلق ایک بوگس کیس ہے جبکہ میں نے پریس کانفرنس میں کارکنوں کو قانون ہاتھ میں نہ لینے کی تلقین کی، اور مقدمہ حقائق کے برعکس سیاسی بنیادوں پر درج کر لیا گیا۔ 
انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی سرگرمیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے مقدمات میں الجھایا جا رہا ہے، پنجاب حکومت نے 8 مارچ کو فسطائیت کا مظاہرہ کیا، ظل شاہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہوا اور ہمارے کارکن کی موت پر دنیا نے نوٹس لیا مگر حکومت نے اس کا مقدمہ بھی عمران خان کیخلاف درج کردیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے آپ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو روک نہیں پائیں گے کیونکہ اس سے عوام میں ہماری مقبولیت مزید بڑھ رہی ہے، پنجاب کی نگران حکومت دراصل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ایکسٹینشن ہے۔ 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پہلے تو عمران خان کو گرفتار کرنے کی ضرورت نہیں لیکن اگر وہ گرفتار ہوجاتے ہیں تو ہماری پارٹی کا پورا ایک نظام ہے، کل عمران خان نے بیان دیا ہے کہ اگر ان کو گرفتار کیا گیا تو پارٹی کی ذمہ داری میں سنبھالوں گا۔

تبصرے بند ہیں.