حج پالیسی 2023ءکی منظوری، درخواستوں کی وصولی 16 مارچ سے شروع ہو گی

69

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی منظوری دیدی ہے اور حج درخواستوں کی وصولی 16 مارچ سے شروع ہو جائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ حج پالیسی 2023 میں مفت حج کی کوئی گنجائش نہیں ہے، پاکستانی عازمین کیلئے حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مختص ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شمالی علاقہ جات کیلئے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ جنوبی علاقوں کیلئے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہے، تاہم پیسے بچ جانے کی صورت میں حجاج کرام کو واپس کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عازمین حج سے صرف ضروری اخراجات لئے جاتے ہیں، ہماری درخواست پر سعودی حکومت نے حج اخراجات میں کمی کی، روپے کی قدر کم ہونے سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے حج اخراجات بھارت اور بنگلہ دیش سے کم ہیں، انڈیا میں حج اخراجات ساڑھے 13 لاکھ روپے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سپانسر شپ حج سکیم متعارف کرائی ہے۔

تبصرے بند ہیں.