چوہدری پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی کا صدر بنا دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

13

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پارٹی کا باقاعدہ طور پر صدر بنا دیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور عمران خان کی جانب سے نوٹیفکیشن کی کاپی پیش کی جس پر انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو اعتماد کیا اس کیلئے شکر گزار ہوں، ان کے ساتھ ڈٹ کر آئین اور قانون کی سربلندی کی جدوجہد کریں گے، عمران خان ملک میں آئین و قانون اور عام آدمی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان کا راستہ روکنا حکومت کے بس کی بات نہیں، وہ عوام کے دلوں میں بس چکے ہیں، ملک میں ہونے والا ہر سروے، ہر ضمنی الیکشن عمران خان کی مقبولیت کی گواہی دے رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.