اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کل اسلام آباد بینکنگ کورٹ اور اسلام آباد کچہری میں پیش ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف بینکنگ کورٹ اور کچہری میں مجموعی طور پر چار مقدمات زیر التوا ہیں اور بینکنگ کورٹ یا کچہری میں عدم پیشی پر عمران خان کی ضمانت خارج بھی ہوسکتی ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست زیر التوا ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو کل بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کیس کی سماعت کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان تھانہ سنگجانی مقدمہ میں انسداد دہشت گردی عدالت سے عبوری ضمانت کرائیں گے جبکہ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی ضمانت عدم حاضری پر خارج کردی تھی۔ اس کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کریں گے۔
اس کے علاوہ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس میں کل عمران خان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان بھی ہے۔ اسلام آباد کچہری میں ایڈیشنل سیشن جج نے کل عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔ توشہ خانہ احتجاج پر عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سیشن کورٹ میں سماعت کل ہو گی۔
عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی کل درخواست ضمانت میں پیشی کیلئے آخری مہلت دے رکھی ہے، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کچہری میں دو مقدمات کی سماعت کریں گے۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.