فخر اور عبداللہ کا لاٹھی چارج، شاہین کی تباہ کن باؤلنگ، پشاور زلمی کو 40 رنز سے شکست

22

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پشاور زلمی کو 40 رنز سے شکست دیدی ہے۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے انتہائی شاندار بلے بازی سے درست ثابت کر دکھایا۔ 
لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ محض 7 رنز پر گر گئی مگر اس کے بعد فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے پشاور زلمی کے باؤلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ 
فخر زمان نے 45 گیندوں پر 10 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے اور عبداللہ شفیق نے 41 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سیم بلنگز نے 47 اور ڈیوڈ ویزا نے 8 رنز بنائے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 45 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور روومین پاول نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز ہی بنا سکی۔ ٹام کوہلر کیڈمور 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ صائم ایوب 51، بابراعظم 7، بھنوکا راجاپاکسا 24، روومین پاول 20، جیمی نیشام 12، سعد مسعود 16 اور ارشد اقبال 2 رنز بنا سکے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انتہائی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 40 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور زمان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور راشد خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مرزا طاہر بیگ، فخر زمان، سیم بلنگز، عبداللہ شفیق، حسین طلعت، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویزا، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔ 
پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، بھنوکا راجا پاکسا، روومین پاول، جیمی نیشام، وہاب ریاض، سعد مسعود، سلمان ارشاد اور ارشد اقبال شامل ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.