نیب قوانین کا اطلاق حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججوں پر بھی ہونا چاہئے: بلاول بھٹو

7

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ججوں کی قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں بہت دلچسپی ہے، پتہ نہیں ججوں کو نیب قانون میں کیا خوبی نظر آرہی ہے، نیب قوانین کا اطلاق حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججوں پر بھی ہونا چاہئے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سیاسی انجینئرنگ، غیر جمہوری قوتوں کو جگہ دینے کیلئے بنا، اس ادارے بند کرنا چاہیے، کرپشن ہر جگہ ہے، پارلیمان میں بھی ہے اور عدلیہ میں بھی ہو گی، ہر پاکستانی پر ایک ہی قانون لاگو ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہماری عدلیہ دہرے معیارات پر چل رہی ہے جس کا دفاع نہیں کر سکتے، مقدس گائے والی قانون سازی ہم کب تک کریں؟ مقدس گائے والا نظام نہیں چلنے دیں گے، نیب قوانین کا اطلاق ججوں پر بھی ہونا چاہیے، چاہے وہ حاضر سروس ہوں یا ریٹائرڈ، نیب قوانین میں یہ ترمیم وہ خود پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں جس کی حکومت آتی تھی وہ مخالفین کو جیل بھجواتے تھے پھر ان کے کام رکواتے تھے، 2008 سے 2013 تک وہ پہلا دور تھا جب پی پی نے کوئی کام شروع کیا تو (ن) لیگ نے وہ کام ہونے دیا، اسی لئے سی پیک آج بھی چل رہا ہے، ہم آپس میں لڑتے رہیں گے تو دہشت گردوں کوبھی فائدہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا اس وقت ہم بہت سے مسائل کا شکار ہیں، عام آدمی کو زندگی گزارنے میں بہت مشکلات ہیں، ملک میں جاری معاشی بحران آج سے پہلے کبھی نہیں دیکھا، معاشی بحران ہو گا تو کیا عوام آئین کھائیں گے؟ پاکستان کی جمہوریت کو آج جو نقصان ہو رہا ہے اس کے نتائج کل سامنے آئیں گے۔ 

تبصرے بند ہیں.