نجم سیٹھی کا پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق لاہور اور پنڈی میں کرانے کا اعلان

62

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے میچز شیڈول کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ لاہور اور پنڈی کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے اور اس دوران روٹ کی لائٹنگ کا خرچہ نگران حکومت برداشت کرے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پی ایس ایل میچز کے دوران روٹ کی لائٹنگ کے اخراجات میں حصہ ڈالنے پر اتفاق کیا ہے جس پر ان کے مشکور ہیں اور شائقین کرکٹ کیلئے یہ بڑی خوشخبری ہے۔ 
نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوران سیکورٹی معاملات پر ڈیڈلاک ختم کرنے میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیٹرن انچیف وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا بھی کیا۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پنجاب حکومت کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور بورڈ ٹیموں کے راستے پر نصب کی جانے والی لائٹوں کی خریداری کرے گا جس سے مستقبل میں ہر سیریز میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے لائٹوں کی خریداری کے علاوہ تمام اخراجات اٹھانے کی رضامندی ظاہر کردی ہے، گزشتہ سال لائٹس کی مد میں پنجاب حکومت نے 40 کروڑ روپے خرچ کئے جبکہ رواں سال بھی یہ اخراجات 50 کروڑ سے زائد تھے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت اور پی سی بی کے درمیان فنڈز کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار تھا جس پر نجم سیٹھی نے فرنچائز مالکان سے مشاورت کے بعد بقیہ میچز کراچی منتقل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.