راولپنڈی: سینئر سیاستدان چوہدری نثار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان میرے 50 سال سے دوست ہیں اور آج بھی دوست ہیں، انہوں نے مجھے پی ٹی آئی میں شامل کرنے کیلئے بہت اصرار کیا بلکہ جتنی کوشش انہوں نے میرے لئے کی ، کسی اور کیلئے نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے چاکرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان کہتا تھا کہ یار تم نہیں آتے تو میرا ان لوگوں سے گزارا ہے، جو لوگ عمران خان کا جھنڈا لے کر پھرتے ہیں یہ بےنظیر کا نعرہ لگاتے تھے، بعد میں یہ مشرف کے ساتھ ہو گئے اور اب عمران کے ساتھ ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر تو میں جنرل ضیاء، جونیجو اورغلام اسحاق خان کا بھی تھا لیکن عمران نے مجھ سے دوستی نبھائی ہے اور آج بھی نبھا رہا ہے، انتخابات 2018ءمیں کیا ہوا، اس کی وجہ کچھ اور تھی، پھر کبھی بتاؤں گا، میں چاہتا ہوں الیکشن کے بعد کسی جماعت میں عزت کے ساتھ جاؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں میدان میں آ چکا ہوں، الیکشن آج ہوں، کل ہوں 2 سال بعد یا 10 سال بعد، میں میدان میں ہوں، میرے مقابلے میں وہ لوگ ہیں جنہوں نے ’ککھ‘ نہیں کیا، انہیں پیٹرولیم کی وزارت کا شوق تھا، انہیں وہاں سے نکال دیا گیا، عوام اور پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا، مجھے غریب اور مزدور کی مدد درکار ہے، میں نے بڑے بڑے عہدوں کا انکار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ کسی پارٹی میں شامل کیوں نہیں ہوتے؟ میں کہتا ہوں کہ میں اس گالم گلوچ کا حصہ نہیں بننا چاہتا لیکن سچ کا علم بلند کرتا رہوں گا، سیاست میں گالم گلوچ عام ہوگئی ہے، آج ہم کھائی کے بالکل کنارے پر پہنچ گئے ہیں، ہم نعرے بہت لگاتے ہیں مگر عمل نہیں کرتے، ملک انتہائی نازک موڑ پر ہے اور ہم ایک دوسرے کے گریبان پکڑ رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.