میری حکومت ضرور آئے گی اور پھر میں ان کو نہیں چھوڑوں گا: عمران خان

35

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے جیل بھرو تحریک میں شامل پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری حکومت ضرور آئے گی اور پھر میں ان کو نہیں چھوڑوں گا۔ شہباز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ ایک دم سب ٹھیک ہو جائے گا اور خوشحالی آ جائے گی لیکن آج قوم سے کہا کہ مزید مہنگائی آئے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق عوام سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے تو آپ نے غیر قانونی چیزیں کیں لیکن اس بار آپ نہیں بچیں گے، 90 دن کے بعد نگراں حکومت نہیں رہ سکتی، قومی احتساب بیورو (نیب) نے ہمارے دور میں 480 ارب ریکور کئے۔ 
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عوام حکومت سے تنگ آ چکی ،جیل بھرو تحریک میں ہزاروں لوگ شامل ہیں ،ہم نے خوف کے بت کو توڑ دیا ہے، لوگ مزید مہنگائی کیلئے تیار ہو جائیں، شہباز شریف مگر مچھ کے آنسو بہا کر عوام کو پاگل نہ بنائیں، اگر کچھ کرنا چاہتے ہیں تو باہر رکھا چوری کا پیسہ واپس لائیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کے ذمہ دار میر جعفر اور میر صادق ہیں، 10 ماہ سے حکومت نے پاکستان سے جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتا ہے، آج میری حکومت کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ مہنگائی ہے، آج پیٹرول، ڈیزل میرے دور سے 100 روپیہ زیادہ مہنگا ہے، وزیراعظم سرکاری زمینیں بیچنے کا ڈرامہ نہ کریں۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج پاکستان میں 50 سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے، امید تھی وزیراعظم 30 سال کا چوری شدہ پیسہ واپس لانے کا اعلان کریں گے کیونکہ پیسہ واپس آجائے تو مہنگائی کم ہو جائے گی، جنہوں نے این آر او لینا ہے وہ ملک میں کبھی رول آف لا نہیں آنے دیں گے، ہماری تحریک ملک کو غداروں سے آزاد کرنے کیلئے ہے، یہ جو مرضی کر لیں، تحریک انصاف کی حکومت آ کر رہے گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میرے دور میں ڈالر کی تاریخی آمد ہوئی، ہم نے 50 لاکھ نوکریاں لوگوں کو دیں، وزیراعظم چوری شدہ پیسے کا آدھا بھی واپس لے آئیں تو مہنگائی ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے شہباز شریف کا نام لئے بغیر کہا کہ جب ہماری حکومت تھی تو آپ نے کس قسم کی تقریریں کیں، آپ نے ہماری حکومت گرائی، آپ سازش کا حصہ تھے۔ 
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، آصف علی زرداری اور بیرونی طاقتوں نے مل کر میری حکومت گرائی، آپ نے آتے ساتھ ہی 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز معاف کروائے، آپ نے وعدہ کیا تھا کہ ایک دم سب ٹھیک ہو جائے گا، خوشحالی آ جائے گی جبکہ آپ شہباز شریف نے قوم سے کہا کہ مزید مہنگائی آئے گی مگر اب قوم مہنگائی کیلئے نہیں بلکہ کسی اور چیز کیلئے تیار ہے، ہم نے 10 اپریل سے حقیقی آزادی کی تحریک شروع کی ہوئی ہے۔ 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6لگانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ 90 دن بعد نگران حکومت نہیں رہنی چاہئے اور آئین کے مطابق انتخابات کرانا ضروری ہیں، اگر ایسا نہ ہوا تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہو گی۔ 

تبصرے بند ہیں.