لاہور: عدالت عالیہ لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شہباز گل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں شہباز گل کی تھانہ پسنی بلوچستان کے مقدمے میں 3 مارچ تک کی حفاظتی ضمانت منظور کی گئی۔
دوران سماعت شہباز گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف گزشتہ برس 5 دسمبر کو مقدمہ درج کرایا گیا اور اس مقدمے کو خفیہ رکھا گیا۔
وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں مگر گرفتاری کا خدشہ ہے، اس لئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
شہباز گل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف اسی نوعیت کے کئی مقدمات درج کئے گئے اور ایک مقدمے کو عدالت نے خارج کر دیا، عدالت سے استدعا ہے کہ اس مقدمے کو بھی خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دئیے کہ عدالت آئین و قانون کے تحت ہی کوئی حکم دے سکتی ہے، آپ متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔
تبصرے بند ہیں.