پی ایس ایل، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

4

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے نوویں میچ میں پشاور زلمی نے روومین پاول اور جیمی نیشام کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ 
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے افتخار احمد کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ 
افتخار احمد 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے 14، مارٹن گپٹل 12، سرفراز احمد 39، محمد نواز 2 اور اوڈین سمتھ 25 رنز بنا سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے عثمان قادر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ارشد اقبال اور جیمی نیشام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
پشاور زلمی نے روومین پاول اور جیمی نیشام کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ ہدف 18.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔ جیمی نیشام نے 23 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے اور روومین پاول نے 23 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں محمد حارث 18، بابراعظم 19، صائم ایوب صفر، ٹام کوہلر کیڈمور 9، داسون شناکا 16 اور وہاب ریاض 10 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 13 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ، محمد نواز اور قیس احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عمر اکمل کی جگہ محمد حفیظ کو شامل کیا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، واحد بنگلزئی، مارٹن گپٹل، افتخار احمد، اوڈین سمتھ، محمد نواز، قیس احمد، نسیم شاہ اور محمد حسنین شامل تھے۔ 
پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، داسون شناکا، جیمی نیشام، وہاب ریاض، عثمان قادر، ارشد اقبال اور سفیان مقیم شامل تھے۔ 

تبصرے بند ہیں.