صدر مملکت اپنی اوقات سے باہر ہو رہے ہیں: وزیر دفاع

6

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءخواجہ آصف نے کہا ہے کہ صدر اپنی اوقات سے باہر ہو رہے ہیں۔ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ہو چکا، ڈیفالٹ کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ 
تفصیلا ت کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ صدر مملکت اپنی اوقات سے باہر ہو رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ آج آئین کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور صدر مملکت آئین سے تجاوز کر کے الیکشن کی تاریخ دے رہیں گے، صوبائی الیکشن میں صدر کا کیا کردار ہے؟ صدر کا اقدام آئین توڑنے کے مترادف ہے، صدر مملکت آئین کی پاسداری کریں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آئین میں تمام عہدیداروں کی ذمہ داریاں واضح ہیں لیکن صدر کو اپنے عہدے کا پاس نہیں اور وہ اپنے لیڈر کے کہنے پر یہ سب کچھ کر رہے ہیں ، صدر مملکت پی ٹی آئی کے ورکر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ 
وزیر دفاع نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے ہمارے مذاکرات ہو رہے ہیں اور معاہدہ ہوا ہے، اس لئے ڈیفالٹ کا کوئی خدشہ نہیں ہے تاہم ملک کی آدھی آبادی غربت اور آدھی عیاشی کی زندگی گزار رہی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ریکارڈ دیکھیں، ادارے ریونیو جمع کرنے میں ناکام ہیں، بڑے بڑے ادارے اور کمپنیاں ڈیفالٹ ہو چکی ہیں مگر ان کا نام نہیں لوں گا، جو چیزیں ملک کیلئے زرمبادلہ نہیں بنا رہیں، ان کا کوئی حل سوچنا ہو گا۔ 
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ چار ہزار روپے پر 1400 سے 1500 کنال پر مال روڈ پر گالف کلب دیا ہوا ہے، یہ غریبوں کی غربت کا مذاق اڑانے والی بات ہے، اگر کسی کو بسانا ہے تو گالف کلب میں بسائیں، غریبوں کی بستیوں پر بلڈوزر کیوں چلاتے ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.