عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

4

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی دوسری درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سید شہباز علی رضوی نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست شام 5 بجے سماعت کیلئے مقرر کی گئی تھی، وکیل نے عمران خان کو پیش کرنے کے لئے مہلت مانگی تھی۔
تحریری فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت نے کیس کی سماعت ساڑھے 6 بجے تک ملتوی کی تھی اور جب سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان پیش ہوئے اور نہ ہی وکیل اظہر صدیق پیش ہوئے۔
لاہور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار اور وکیل کی عدم پیشی پر درخواست خارج کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے سنگجانی تھانے میں دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.