کولن منرو اور اعظم خان کی شاندار بیٹنگ، یونائیٹڈ نے کنگز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا 

16

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو اور اعظم خان کی عمدہ بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز کو4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے حیدر علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ 
حیدر علی 45 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شرجیل خان 34، جیمز وینس 4، میتھیو ویڈ 18، شعیب ملک 18، عرفان خان 19 اور جیمز فولر 12 رنز بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس، محمد وسیم جونیئر اور ٹام کیورن نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو اور اعظم خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 18.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا۔ 
کولن منرو نے 28 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے اور اعظم خان نے 28 گیندوں پر 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیگر بلے بازوں میں پال سٹرلنگ نے 4، حسن نواز نے 7، ریسی وینڈر ڈوسن نے 31، آصف علی نے 4، فہیم اشرف نے 12 اور ٹام کیورن نے 10 رنز بنائے۔ 
کراچی کنگز کے محمد عامر 4 اوورز میں 30 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں باؤلر رہے اور محمد موسیٰ نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 
واضح رہے کہ کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیمز وینس، شرجیل خان، حیدر علی، شعیب ملک، میتھیو ویڈ، عرفان خان، جیمز فولر، اینڈریو ٹائی، محمد عامر اور محمد موسیٰ شامل تھے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حسن نواز، پال سٹرلنگ، کولن منرو، ریسی وینڈرڈوسن، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، ٹام کیورن، محمد وسیم جونیئر اور رومان رئیس شامل تھے۔ 

تبصرے بند ہیں.