عوام تیار ہوجائیں ،آئی ایم ایف کے مطالبے پر "غریبوں کی قربانی” کا فیصلہ ، پارلیمنٹ آج منظوری دے گی

56

 

اسلام آباد : وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس نے ضمنی فنانس بل 2023ء کی منظوری دیدی جس کے بعد اب آئی ایم ایف کے مطالبات کی منظوری پارلیمنٹ دے گی ۔ وزیر خزانہ بل آج پارلیمنٹ میں پیش کریں گے جس کیلئے قومی اسمبلی اور سینٹ کے الگ الگ اجلاس طلب کر لیے گئے ہیں ۔

 

وفاقی کابینہ نے سیلاب زدہ علاقوں کیلئے اگست اور ستمبر 2022ء کے بجلی بلز معاف کرنے کی بھی منظوری دیدی جس کا اطلاق 300 یونٹس تک کے صارفین پر ہوگاجبکہ وفاقی وزیر صحت کی سفارش پر 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھی منظور کر لی گئی ۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پر سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جارہی ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔اپنے ذرائع آمدن کے اندر رہتے ہوئے ہم معاشی مشکلات پر قابو پاسکیں گے۔ گزشتہ حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا خمیازہ اس وقت 22کروڑ عوام بھگت رہے ہیں ۔

 

وفاقی کابینہ کو عالمی مالیاتی فنڈ کی نویں جائزے کے حوالے سے کی جانے والی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی‘اجلاس کو بتایا گیا کہ لگژری آئٹمز پر اضافی ٹیکسز عائد کئے جارہے ہیں جبکہ جنرل سیلز ٹیکس میں صرف ایک فیصد اضافہ کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ بھرپور کوشش کی جائے کہ غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

 

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پرتعیش اشیا پر ٹیکس بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ روزمرہ استعمال کی ایسی اشیاء جو غریب اور متوسط طبقہ استعمال کرتا ہے پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہ کیا جائے ۔ جونہی سادگی اور کفایت شعاری پیکج تیار ہو اس پر عمل درآمد کرنا تمام کابینہ ممبران اور حکومتی اہلکاروں پر لازم ہوگا تب ہی ہم اس معاشی مشکل سے نکل سکتے ہیں اور اپنے ذرائع آمدنی کے اندر رہتے ہوئے ہم معاشی مشکلات پر قابو پاسکیں گے۔

 

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10 فروری 2023 اور13 فروری 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز(Cabinet Committee on Legislative Cases) کے9 فروری 2023 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

 

دریں اثناء وفاقی کابینہ نے سیلاب زدہ علاقوں کیلئے بجلی بلز معاف کرنے کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطا بق بجلی بلز معافی کی مد میں10 ارب34 کروڑ روپے کی سبسڈی منظور کی گئی ۔

 

وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لے لی گئی ۔ سیلاب زدہ علاقوں کیلئے اگست اورستمبر2022 کے بلز معاف کئے گئے۔ بجلی بلز معافی کا اطلاق300 یونٹس تک والے صارفین پر ہوگا ۔

تبصرے بند ہیں.