شیخ رشید ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے 

19

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کر تے ہوئے کل دو بجے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی پولیس نے شیخ شید کو اسلام آباد کچہری میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جہاں کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا پہلے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی؟ اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ پہلی بار کر رہے ہیں، اس سے پہلے نہیں کی۔
شیخ رشید کے وکیل علی بخاری نے عدالت کے روبرو دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے حال ہی میں شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کی تھی، شیخ رشید جیل میں ہیں، کہیں باہر نہیں جا سکتے۔
وکیل علی بخاری نے مزید کہا کہ شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کی جس کے بعد پراسیکیوٹر نے راہداری ریمانڈ سے متعلق دلائل دلائل پیش کئے۔ 
پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ شیخ رشید جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور ان کو مری کی عدالت میں پیش کرنا ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے شیخ رشید کو ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کردیا اور کل 2 بجے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.