پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 فروری سے پہلے اضافہ نہیں ہو گا: مصدق ملک

82

اسلام آباد: وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) مذاکرات کا پیٹرول کی قیمتوں سے کوئی تعلق نہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 فروری سے پہلے اضافہ نہیں ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جو پیٹرول پمپ محدود مقدار میں سپلائی دے رہے ہیں ان کی نشاندہی ضروری ہے، پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے صبح میٹنگ ہوئی، ملک میں 20 روز کا پیٹرول اور 25 دن کے ڈیزل کا ذخیرہ موجود ہے، لوگ پیٹرول ذخیرہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہ پر گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئیں، موٹرسائیکل سواروں کو 300 اور گاڑی والوں کو 1000 کا تیل دیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تین روز سے پیٹرول سپلائی نہ ملنے پر بیشتر پیٹرول سٹیشنز پر پیٹرول ختم ہوگیا ہے، گوجرانوالہ شہر اور آس پاس کے علاقوں میں قائم 350 میں سے صرف 50 پیٹرول سٹیشنز پر پیٹرول دستیاب ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پیٹرول لینے کیلئے گاڑیوں کی لمبی لائنوں میں شہری گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں، گوجرانوالہ کے بیشتر پٹرول پمپس سے پٹرول کی سپلائی بند ہونے پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے بند ہیں.