کامران اکمل کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

8

کراچی: قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے بیٹنگ کنسلٹنٹ وکٹ کامران اکمل نے باقاعدہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کیلئے فرنچائز کے پہلے پریکٹس سیشن کے بعد نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک دن ہر کھلاڑی نے ریٹائر ہونا ہوتا ہے، میں بڑی انٹرنیشنل لیگز کا حصہ تو نہیں بن سکوں گا لیکن لیگ کرکٹ کھیلنے کی کوشش ہو گی کیونکہ میری ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ قومی کپتان بابر اعظم مسلسل سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں،کوئی بھی فرد خامیوں سے پاک نہیں ہوتا، بابراعظم کو اپنی خامیوں کا علم ہے جنہیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بابراعظم کی بیٹنگ میں کوئی خامی نہیں اور وہ بتدریج بہتر ہو رہے ہیں، گگلی اور سپن باؤلنگ کو کھیلنے کے دوران انہیں پریشانی ہوتی ہے لیکن ہر ٹیم میں راشد خان جیسے سپنرز بھی نہیں ہیں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم میرا بھائی ہے اور مجھے اس کی تعریف کرنے کی ضرورت نہیں، میں نے کبھی اپنے سگے بھائیوں عمر اکمل اور عدنان اکمل کی بھی تعریف نہیں کی کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ دنیا میرے بھائیوں کی تعریف کرے، 14 فروری کو کراچی میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا مقابلہ دلچسپ ہو گا۔ 

تبصرے بند ہیں.