گجرات میں چوہدری پرویز الٰہی کے گھر کا محاصرہ، پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی

37

گجرات: پولیس نے گجرات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے گھر کا دوبارہ محاصرہ کر لیا اور ڈی پی او کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کنجاہ ہاؤس کے باہر جمع ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نفری میں پولیس، ایلیٹ فورس کے 10 سے زائد تھانوں کے اہلکار شامل ہیں اور اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ پر گیٹ کیپر اور ملازم موجود ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی لاہور اور مونس الٰہی بیرون ملک مقیم ہیں جبکہ ان کی فیملی کا کوئی فرد گھر میں موجود نہیں ہے۔ واضح رہے کہ 5 روز قبل بھی پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کی رہائش گاہ کا محاصرہ کیا گیا تھا۔ 
دوسری جانب پولیس نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی سرکاری رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا اور پولیس دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئی، اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس نے ملازمین پر تشدد، خواتین اور بچوں کو بھی ہراساں کیا۔
پولیس نے محمد خان بھٹی کے ملازم نبیل کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ پولیس گھر سے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج کی ڈیوائس بھی لے گئی جبکہ چوہدری پرویز الٰہی نے خدشہ ظاہر کیا کہ محمد خان بھٹی کو لاپتہ نہ کر دیا جائے۔ 

تبصرے بند ہیں.