اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار ہمدردی کیلئے ترکیہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ 8 فروری کو ترکیہ جائیں گے جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور ترک قیادت سے زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار ہمدردی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مصیبت کی گھڑی میں اظہار ہمدردی کیلئے ترکیہ جارہے ہیں، وہ اپنے دورے کے دوران انقرہ بھی جائیں گے اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔
قبل ازیں انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔
ترک صدر سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہے اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کی حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.