عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم مخالفین کو مقدمات سے ڈرا رہی ہے: پرویز الٰہی 

7

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اب سیاسی مخالفین کو مقدمات سے ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کا راستہ روکنے کیلئے ہر غیرقانونی اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ عمران خان سے خوفزدہ حکمران روز ان کے خلاف نیا پلان بناتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور عوام کی محبت عمران خان اور اتحادیوں کے ساتھ ہے۔ عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم اب سیاسی مخالفین کو مقدمات سے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘ 

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو صرف پوسٹنگ ٹرانسفرز اور سیاسی مخالفین کو مچلنے کی فکر ہے۔ چن چن کر شریف فیملی کے وفادار آفیسرز تعینات کئے جا رہے ہیں۔ تحریک انصاف اور ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ عروج پر ہے۔ نگران بھول گئے ہیں کہ وہ اٹھائی ماہ کے مہمان ہیں۔‘ 

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءکا مزید کہنا تھا ’پنجاب انتقامی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے۔ روز سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نگران حکومت مکمل طور پر جانبدار ہو چکی ہے اور انتقام کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔ مقدمات، گرفتاریاں، چھاپے، پنجاب میں صرف انتقام کا ایجنڈا سرگرم ہے۔ پنجاب میں پولیس کا بدترین استعمال کیا جا رہا ہے۔‘ 

تبصرے بند ہیں.