ایل پی جی کی قیمت میں 60 روپے فی کلو اضافہ

85

اسلام آباد: حکومت نے مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام پر پیٹرولیم کے بعد ایل پی جی بم بھی گرا دیا جس کی قیمت میں 60 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں 60 روپے فی کلو گرام کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 204 سے بڑھ کر 264 روپے ہو گئی ہے۔ 
اوگرا کی جانب سے ماہ فروری 2023 کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے سے متعلق جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 60 روپے فی کلو اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 703 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 706 روپے بڑھ گئی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد اب گھریلو سلنڈر 3 ہزار 115 روپے اور کمرشل سلنڈر 11 ہزار 984 روپے میں فروخت ہو گا۔ 
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ڈالر، پٹرول کے بعد اب ایل پی جی قیمت میں تاریخ ساز اضافہ کیا گیا ہے جس سے غریب کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایل پی جی مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے، بلیک قیمت پر سرکاری مہر لگا دی جس کے باعث اب گیس مافیا کی چاندی ہو گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.