عمران خان کے الزامات نے میرے والد اور میری فیملی کیلئے خطرات بڑھا دئیے ہیں: بلاول بھٹو

2

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے میرا اور میری پارٹی کا نام لے کر براہ راست دھمکیاں دئیے جانے کے بعد عمران خان اب میرے والد سابق صدر آصف زرداری پر غلط الزامات عائد کررہا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہاعمران خان کے بیانات نے میرے والد، میری فیملی اور میرے متعلقین کیلئے خطرات بڑھا دئیے ہیں،ہم اپنے خاندان کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے عمران خان کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، ہم عمران خان کے حالیہ توہین آمیز اور خطرناک الزامات کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ 
 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاعمران خان ان الزامات سے قبل میرے والد کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے، عمران خان اور اس کے حواریوں کی دہشت گردوں کی سہولت کاری اور ہمدردی کے حوالے سے دستاویزات تاریخ کا حصہ ہیں،عمران خان جب حکومت میں تھا تو دہشت گردوں کو رہا اور جمہوریت پسندوں کوگرفتار کیا، عمران خان نے خیبرپختونخوا کو دہشت گرد تنظیموں کے حوالے کیا، آج تک اس کی پارٹی دہشت گرد گروہوں کی فنڈنگ کرتی ہے۔ 
انہوں نے کہااگر مجھ پر، میرے والد یا پارٹی پر کوئی حملہ ہوا تو اس سب کا بھی حساب لیا جائے گا،عمران خان کو سمجھنا چاہئے کہ ہر مرتبہ اس کی بیوی کو خواب آنے پر وہ ٹی وی پر آکر لوگوں سے متعلق الزامات عائد نہیں کر سکتا، عمران خان کی اہلیہ کے خواب عدالتوں میں ثابت نہیں کئے جا سکتے، عمران خان کا حالیہ الزام یہ ہے کہ میرے خاندان کی کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی ناطہ ہے یا ہم کسی کو بھرتی کرکے عمران خان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ 
بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ عمران خان کا الزام نہ صرف غیرمنطقی ہے بلکہ اس الزام نے ہم سب کیلئے خطرات کو بڑھا دیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی عمران خان کو چیلنج کرے گی، ہم پاپولر فکشن کو اپنے بیانیے پر حاوی نہیں ہونے دیں گے، جو ہماری سیاست کو زہرآلود اور جمہوریت کو تاراج کرے، ہم دہشت گردوں اور ان کے سیاسی فرنٹ مین کے پروپیگنڈے کا چارہ بننا بھی برداشت نہیں کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.