اسحاق ڈار کا عمران خان کو معیشت پر لائیو مناظرے کا چیلنج

8

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معیشت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو لائیو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی بدحالی کے ذمہ دار ہم نہیں بلکہ سابق وزیراعظم ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ویڈیو خطاب کے دوران اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تمام باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں، عمران خان اپنے تمام افلاطون اکٹھے کر کے مذاکرہ کر لیں، عمران خان نے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کئے اور حکومت جاتی دیکھ کر خود ہی انہیں توڑ دیا، 
وزیر خزانہ نے معیشت کی بدحالی کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا اور ان کی تباہ کی ہوئی معیشت کو ہم ٹھیک کر رہے ہیں، عمران خان نے معیشت کے غلط اعداد و شمار جاری کئے، جی ڈی پی پر جھوٹ بولا، عمران خان کی ترقی کا ہدف یہ ہے کہ اگر میری حکومت نہیں تو ریاست بھی نہ رہے۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کر کے کہا کہ حکومت آپ کی تباہی ٹھیک کر رہی ہے، آپ نے ملک کو یہاں لا کر کھڑا کیا، آپ نے مان لیا کہ کون چوری شدہ الیکشن سے آپ کو لایا، اور آپ نے خود ہی اس کا نام بتادیا، آپ سیاسی دشمنی کے بجائے معیشت پر کام کرتے تو پاکستان آج اس ڈگر پر نہ ہوتا، ہمارے لئے ریاست یا سیاست کا آپشن تھا اور نواز شریف نے ریاست کو بچانے اور سیاست کو قربان کرنے کا فیصلہ کیا۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے 10 ہزار ارب قرض کیلئے روپے کا بیڑہ غرق کیا، سعودی عرب، یو اے ای اور چین میں پاکستان کو بدنام کیا، ملک کا قرضہ 25 ہزار ارب تھا جس کو آپ نے 30 ہزار ارب بتایا، عمران خان نے پاکستان کے ذمہ میں واجب الادا رقم بھی غلط بتائی، سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان کو بدنام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات بغاوت کے زمرے میں آتے ہیں، عمران خان نے حکومت جاتی دیکھ کر آئی ایم ایف سے کیا گیا معاہدہ خود ہی توڑ دیا، عمران خان کو ملک جب ملا تو ہماری عالمی رینکنگ میں 24ویں پوزیشن تھی اور جب پی ٹی آئی حکومت ختم ہوئی تو ہماری معیشت 47ویں نمبر پر تھی۔

تبصرے بند ہیں.