بجلی بریک ڈاؤن کے بعد اب موبائل سروس بریک ڈاؤن؟ ٹیلی کام انڈسٹری نے خبردار کر دیا

46

اسلام آباد: ٹیلی کام انڈسٹری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے نتیجے میں نیٹ ورک کو مزید بیک اپ توانائی پر چلانا دشوار ہوتا جا رہا ہے اور سروسز کو جاری رکھنے کیلئے بجلی کی جلد مستحکم بحالی ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلی کام انڈسٹری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی بندش کے باعث ٹیلی کام کمپنیز مختلف حصوں میں اب بھی بیک اپ توانائی پر آپریٹ کر رہی ہیں اور معمول کی لوڈ شیڈنگ کے مقابلے میں کل سے ٹیلی کام کمپنیز 5 لاکھ لیٹر زائد ایندھن استعمال کر چکی ہیں۔ 
ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا ہے کہ اب نیٹ ورک کو مزید بیک اپ توانائی پر چلانا دشوار ہوتا جا رہا ہے اور ٹیلی کام سروسز کو جاری رکھنے کیلئے نیشنل گرڈ سے بجلی کی جلد مستحکم بحالی ناگزیر ہے۔
واضح رہے ملک میں بجلی کے بریک ڈاﺅن کے باعث موبائل صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، بجلی کی طویل بندش سے موبائل ٹاورز سے کنیکٹیویٹی میں مسائل پیش آ رہے ہیں اور کالنگ سمیت انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے۔ 
صارفین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک سروس میں مشکل ہو رہی ہیں جبکہ موبائل کال کرنے پر کال بار بار کٹ رہی ہے اور کئی علاقوں میں تو سگنلز ہی غائب ہو جاتے ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.