عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

13

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن کی اپنے خلاف کارروائی کو چیلنج کیا تھا۔
عمران خان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کر رہا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار نہیں اور قانون کے برعکس عہدے سے ہٹانا چاہتا ہے اور میرے خلاف سیاسی بنیادوں پر کارروائی شروع کی گئی ہے، عدالت پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کارروائی روکنے کا حکم دے۔
لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف درخواست پر 5 رکنی بنچ 30 جنوری کو سماعت کرے گا۔ 
لاہور ہائیکورٹ کے پانچ رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس شاہد بلال حسن ہیں جبکہ جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس جواد حسن فل بنچ کا حصہ ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے عمران خان کی درخواست کی سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی اور الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی سے روک دیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.