پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی پرنس محمد خان کی سپیکر سے استعفیٰ منظور نہ کرنے کی استدعا

22

اسلام آباد (شیراز احمد شیرازی) پاکستان تحریک انصاف ایک جانب استعفوں کے حق میں مہم چلا رہی جبکہ دوسری جانب سپیکر سے رابطے بھی کر رہی ہے اور پی ٹی آئی کے ایک اور رکن قومی اسمبلی نے سپیکر آفس سے رابطہ کر کے استعفیٰ منظور نہ کرنے کی استدعا کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی پرنس محمد نواز نے استعفیٰ نہ منظور کرنے کیلئے سپیکر آفس سے رابطہ کیا ، پرنس محمد نواز خان پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ اس سے قبل ناصر موسی زئی نے بھی سپیکر سے استعفیٰ نہ منظور کرنے کیلئے رابطہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنما قومی اسمبلی واپسی کے حق میں ہیں اور خیبرپختونخوا ہاؤس میں پارٹی اجلاس میں متعدد رہنماؤں نے قومی اسمبلی میں واپسی کے حق میں موقف اختیار کیا تھا۔ 
ذرائع کے مطابق پرنس محمد نواز اور طالب نکئی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو چھٹی کی درخواست بھی دیدی ہے، پرنس محمد نواز اور طالب نکئی سے استعفیٰ اور چھٹی کی درخواست پر ردعمل کیلئے رابطہ کیا گیا تاہم دونوں رہنماؤں کی جانب سے چھٹی کی درخواست پر مکمل خاموشی ہے۔ 
اس حوالے سے پرنس محمد نواز خان سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر کوئی جواب نہیں دیا گیا تاہم کچھ روز قبل انہوں نے نیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے استعفے کی تصدیق کی تھی۔ 

تبصرے بند ہیں.