لاہور (شیراز احمد شیرازی) جماعت اسلامی نے کراچی میں اپنا میئر لانے کیلئے پی ٹی آئی سے اتحاد کی منظوری دے دی ہے۔ جماعت اسلامی کے لاہور منصورہ میں ہونے والے مجلس عاملہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی نیو نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
مجلس عاملہ اجلاس منصورہ لاہور میں ہوا۔اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کو کسی بھی صورت مینڈیٹ چوری نہ کرنے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جماعت اسلامی کی اصل جیتی ہوئی سیٹیں ہر صورت لینے پر حکمت عملی تیار کی گئی ۔فیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی سے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹیں واپس لینے کے بعد میئر شپ پر بات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد اور کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کی صورت میں میئر جماعت اسلامی کا جبکہ ڈپٹی میئر ان کا ہوگا ۔مجلس عاملہ کا اجلاس تقریبا 2 سے زائد گھنٹوں تک جاری رہا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی پی کی طرف سے جماعت اسلامی کی جیتی نشستیں واپس نہ کرنے پر پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد بنانے کی منظوری دے دی گئی ۔اجلاس میں کہا گیا کہ پی پی پی نے پہلے حلقہ بندیوں میں پری پول دھاندلی کی پھر الیکشن کے دن ٹھپے لگائے اور پھر جیتے نتائج تبدیل کئے ۔ پی پی پی نے ایم کیو ایم کے ساتھ کیسا سلوک کیا کل جماعت کے ساتھ بھی کرسکتی ہے ۔
تبصرے بند ہیں.