خیبرپختونخواہ حکومت کا 48 گھنٹوں میں اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجنے کا فیصلہ

20

پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے 48 گھنٹے بعد گورنر کے پی کو اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے سمری بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وزیراعلیٰ کے پی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ہفتے کو اس ضمن میں سمری بھیجنے کی توقع ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کیلئے سمری گورنر پنجاب کو بھیج دی گئی ہے اور اب گورنر پنجاب کے دستخط کا انتظار ہے جس کے بعد ہفتے کو خیبرپختونخواہ اسمبلی کی تحلیل کیلئے گورنر کو ایڈوائس بھجوائی جائے گی۔ 
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا سپاہی ہوں اور ان کے حکم کا انتظار کر رہا ہوں، حکم ملتے ہی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر کو بھیج دی جائے گی۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ شب وزیراعلیٰ پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے، انہوں نے 186ووٹ حاصل کئے تھے جس کے بعد آج انہوں نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.